ایران کا آبنائے ہرمز پر کنٹرول کا دعویٰ اور ویڈیو جاری، اسرائیل کی مزید حملوں کی دھمکی
ایران نے آبنائے ہرمز پر ایک بڑے تجارتی جہاز کو قبضے میں لینے کی ویڈیو جاری کردی۔
ایران نے آبنائے ہرمز پر اپنے کنٹرول کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے کمانڈوز کی جانب سے ایک بڑے تجارتی جہاز کو قبضے میں لینے کی ویڈیو جاری کردی جب کہ اسرائیل نے مزید حملوں کی تیاری کا عندیہ دیا ہے۔
ایرانی سرکاری ٹی وی پر نشر ہونے والی ویڈیو میں مسلح اہلکار تیز رفتار کشتی کے ذریعے ایک کارگو جہاز کے قریب پہنچتے اور رسی کے ذریعے اس پر سوار ہوتے دکھائی دیے۔ ایران نے دعویٰ کیا کہ دو جہازوں کو اجازت کے بغیر آبنائے سے گزرنے کی کوشش پر قبضے میں لیا گیا۔
🇮🇷 🇺🇸 🇮🇱 Iran’s Revolutionary Guards seize ships in Strait of Hormuz
Images released by Iran’s Revolutionary Guards on 23 April 2026 show what it says are its naval forces seizing two commercial ships attempting to cross the Strait of Hormuz. This comes amid a fragile ceasefire… pic.twitter.com/iZIxvTgNAQ
— AFP News Agency (@AFP) April 23, 2026
دوسری جانب اسرائیل نے خبردار کیا ہے کہ وہ جنگ دوبارہ شروع کرنے کے لیے تیار ہے اور مناسب اشارہ ملنے پر کارروائی کی جائے گی۔ اسرائیلی وزیر دفاع نے بیان دیا کہ اگر حملے دوبارہ شروع ہوئے تو وہ پہلے سے زیادہ شدید اور مہلک ہوں گے۔
ادھر ایران کا کہنا ہے کہ جب تک اس کی سمندری نقل و حمل پر عائد پابندیاں ختم نہیں کی جاتیں، آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر کھولنے پر غور نہیں کیا جائے گا۔ ایران کے مطابق یہ پابندیاں جنگ بندی کی خلاف ورزی ہیں۔
امریکا کا مؤقف ہے کہ آبنائے پر مکمل کنٹرول اس کے پاس ہے جب کہ ایرانی اقدامات سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ اب بھی خطے میں اثر و رسوخ رکھتا ہے۔ امریکی افواج نے حالیہ دنوں میں کئی جہازوں کا رخ موڑا اور ایک تیل بردار جہاز کو بھی اپنی تحویل میں لینے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایرانی حکام کے مطابق جن جہازوں کو قبضے میں لیا گیا ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جارہی ہے جب کہ سمندر میں ایرانی کشتیوں اور بغیر پائلٹ نظام کو محفوظ مقامات پر رکھا گیا ہے۔
دریں اثناء کشیدگی کے باعث عالمی معیشت پر بھی اثرات مرتب ہورہے ہیں۔ توانائی کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا جارہا ہے جب کہ منڈیوں میں غیر یقینی صورتحال برقرار ہے۔
خطے میں جنگ بندی کے باوجود صورتحال تاحال غیر واضح ہے اور نہ مکمل امن ہے نہ ہی کھلی جنگ جس کے باعث عوام میں خوف اور بے یقینی پائی جارہی ہے۔









