’’ایمرجنگ ٹیکنالوجیز اور مستقبل کی جنگ‘‘ پر دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس اختتام پذیر
چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، آئی ایس پی آر
کراچی: میری ٹائم سینٹر آف ایکسیلینس کے زیر اہتمام کراچی میں ’’جدید ٹیکنالوجیز اور مستقبل کی جنگ‘‘ کے موضوع پر دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس اختتام پذیر ہوگئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کانفرنس میں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی جب کہ سینئر عسکری قیادت، سفارتکاروں، پالیسی سازوں، ماہرین تعلیم، صنعتی ماہرین اور طلبہ کی بڑی تعداد بھی شریک ہوئی۔
نیول چیف نے خطاب کرتے ہوئے دفاعی صنعت، اکیڈمیا اور افواج کے درمیان قریبی تعاون کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا اور کہا کہ اس اشتراک سے پاکستان میں دفاعی خود انحصاری اور مقامی پیداوار کو فروغ ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ بحرِ ہند مستقبل کی جنگی حکمت عملی کا مرکز بنتا جارہا ہے کیونکہ یہ خطہ عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے لیے نہایت اہم ہے۔
کانفرنس میں اس بات پر روشنی ڈالی گئی کہ تیزی سے بدلتی ٹیکنالوجی جنگی تصورات، فورس اسٹرکچر اور نتائج کو نئی شکل دے رہی ہے جب کہ سول اور عسکری ٹیکنالوجیز کے درمیان فرق بھی کم ہوتا جارہا ہے۔
شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ جدید ٹیکنالوجی سے پیدا ہونے والے مواقع کے ساتھ ساتھ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مربوط حکمت عملی اپنانا ضروری ہے۔
کانفرنس کے اختتام پر اس امر پر زور دیا گیا کہ مستقبل کے جنگی رجحانات سے ہم آہنگ رہنے کے لیے مسلسل علمی و فکری تعاون ناگزیر ہے۔









