لیگو (LEGO) نے اپنی مشہور اسپورٹس کار کونگسیگ سیڈیر اسپیئر کی ایک حقیقی سائز کی نقل بنائی ہے جسے تقریباً 3 لاکھ 28 ہزار لیگو کے ٹکڑوں سے تیار کیا گیا۔
اس کار کو مارکس لنڈ نامی ٹیسٹ ڈرائیور نے گڈ ووڈ ریسنگ ٹریک پر چلایا، جہاں اس نے 111 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار حاصل کی۔ اس کے ساتھ ہی یہ دنیا کی تیز ترین لیگو کار بن گئی۔ اس سے پہلے ریکارڈ صرف 50 کلومیٹر فی گھنٹہ تھا۔
اس کار کو بنانے میں ماہرین کو تقریباً 9,400 گھنٹے لگے۔ دیکھنے میں یہ اتنی اصلی لگتی ہے کہ دور سے اسے عام اسپیئر کار سمجھا جا سکتا ہے۔
کار کا کل وزن تقریباً 1,800 کلوگرام ہے، جن میں سے 400 کلوگرام صرف لیگو کے پلاسٹک کے ٹکڑوں کا وزن ہے۔ کار کے اندر مضبوط دھاتی فریم، حفاظتی رول کیج، کاربن فائبر پہیے اور سسپنشن سسٹم بھی لگایا گیا ہے۔
اصل کونگسیگ کار کی طرح اس میں طاقتور انجن نہیں ہے بلکہ اسے ایک چھوٹی برقی موٹر چلاتی ہے لیکن اس کے باوجود یہ 111 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار تک پہنچ گئی۔
لیگو کے ڈیزائنرز کے مطابق یہ اب تک کی سب سے جدید اور پیچیدہ لیگو کار ہے جسے حقیقت کے زیادہ سے زیادہ قریب بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔








