سندھ کے وزیربلدیات ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ لوکل کونسل کی سطح پر جائیداد منتقلی پر ٹیکس وصولی کے نظام کو ڈیجیٹلائز کیا جائے گا اور اس سے لوکل کونسل کو وصولیابی مالی طور پر مستحکم کرے گی۔
صوبائی وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت لوکل کونسل کی سطح پر جائیداد منتقلی پر ٹیکس کی وصولی کے نظام کو ڈیجیٹلائز کرنے اور بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)، محکمہ بلدیات اور انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی کا سندھ بینک، نیشنل بینک اور بینک آف پنجاب کے مابین مفاہمتی یادداشت کے معاہدے پر دستخطی تقریب ہوئی۔
ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ٹیکس کے نظام کو بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے ڈیجیٹلائز سسٹم سے منسلک کیا جائے گا اور مفاہمتی یاد داشت کی تقریب چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری کے وژن عوام کو دہلیز تک سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسٹیمپ ڈیوٹی یا ٹیکس کی لوکل کونسل کو وصولیابی مالی طور پر مستحکم کرے گی، لوکل کونسل کا مالی اور انتظامی طور پر استحکام چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا وژن ہے۔
وزیر بلدیات نے کہا کہ لوکل کونسل کی سطح پر جائیداد کی منتقلی کے حوالے سے ٹیکس کا ڈیجیٹلائز نظام کرپشن کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرے گا، ڈیجیٹیلائز ٹیکس وصولیابی کا نظام شفافیت کو یقینی بنائے گا۔
ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن کے نظام میں معاونت پر تمام متعلقہ نجی و سرکاری اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہیں، ڈیجیٹل آئی پی ٹی کلیکشن حکومت سندھ کا عوام اور لوکل کونسلز کے لیے تحفہ ہے اور لوکل گورنمنٹ بورڈ آف ریونیو اور تین بڑے بینک ایس آئی ٹی سی کے ذریعے اس سسٹم سے جڑے ہوئے ہیں۔
تقریب میں علی راشد وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی، سیکریٹری بلدیات ڈاکٹر وسیم شمشاد، سینئر ممبر ایف بی آر سید خالد حیدر شاہ، رکن ایف بی آر نظیر احمد قریشی، ای وی پی نیشنل بینک فیصل نواز، ہیڈ آف ٹرانزیکشن بینک آف پنجاب شرجیل رضا، ڈپٹی سی ای او سندھ بینک سید اسد علی شاہ سمیت دیگر اعلی افسران بھی شریک ہوئے۔











