امریکی صدر نے مذاکراتی ٹیم کو پاکستان روانگی سے روک دیا
امریکی وفد 18 گھنٹے کی پرواز سے وہاں جاکر بے مقصد باتوں کے لئے نہیں بیٹھے گا، ڈونلڈ ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مذاکراتی ٹیم میں شامل اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر کو پاکستان روانگی سے روک دیا ہے۔
امریکی وفد آج پاکستان کے لیے روانہ ہونا تھا تاہم اب امریکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے دورہ اسلام آباد منسوخ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
امریکی صدر نے کہا کہ وٹکوف اور کشنرکا دورہ پاکستان منسوخ کردیا۔ اس جنگ میں تمام کارڈز امریکا کے پاس ہیں، ایرانی جب چاہیں کسی بھی وقت امریکا سے بات کرسکتے ہیں۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ جب تمام تمام کارڈز ہمارے پاس ہیں تو ایران کے ساتھ مذاکرات کے لئے 18 گھنٹے کا طویل سفر کرنا فائدہ مند نہیں، امریکی وفد 18 گھنٹے کی پرواز سے وہاں جاکر بے مقصد باتوں کے لئے نہیں بیٹھے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں امریکی صدر نے اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر پر مبنی دو رکنی امریکی وفد اسلام آباد بھیجنے کا اعلان کیا تھا۔
دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی قیادت میں گزشتہ روز ایرانی وفد اسلام آباد پہنچا تھا۔
ایرانی وفد نے آج وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقاتیں کیں جب کہ ملاقاتوں کے بعد ایرانی وفد مسقط اور ماسکو کے دورے پر روانہ ہوگیا ہے۔







