سندھ حکومت کا موٹر سائیکل سواروں کو ہر ماہ 2 ہزار روپے دینے کا فیصلہ
سندھ میں پبلک ٹرانسپورٹ مفت نہیں ہوسکتی، موٹر سائیکل سواروں کو 20 لیٹر پر سبسڈی دے رہے ہیں
کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اعلان کیا ہے کہ موٹر سائیکل سواروں کو 20 لیٹر پر سبسڈی دے رہے ہیں، ہر ماہ 2 ہزار روپے دیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں موٹرسائیکل سوار خود کو ایپ میں رجسٹریشن کرائیں، ایکسائزڈیپارٹمنٹ میں موٹرسائیکل سواروں کو رجسٹرڈ کرنے کے لیے ایپ تیار کرلی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں 67 لاکھ موٹرسائیکل رجسٹرڈ ہیں، پبلک ٹرانسپورٹ مفت نہیں ہوسکتی، پبلک ٹرانسپورٹ کو ڈیزل پر سبسڈی دے رہے ہیں، صرف وہی گاڑی سڑک پر چلے گی جس کا ٹیکس کلیئر ہوگا۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ 28 فروری سے ایران پر مسلط کی گئی جنگ کے اثرات سے عوام بخوبی آگاہ ہیں جب کہ ایران کے سپریم لیڈر کی شہادت پر پاکستان نے تعزیت کا اظہار کیا۔ پاکستان نے جنگ بندی کے حوالے سے مثبت کردار ادا کیا ہے اور خطے میں امن کے قیام کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے مشکل وقت میں چاروں وزرائے اعلیٰ کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کر کے صورتحال پر مشاورت کی جب کہ وفاقی حکومت نے بھی اس حوالے سے مؤثر اقدامات کیے۔
مراد علی شاہ نے بتایا کہ ملک کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت کو مشکل فیصلے کرنا پڑے، عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود حکومت نے تین ہفتوں تک قیمتیں نہیں بڑھائیں تاہم مارچ میں فیول کی کھپت میں اضافے کے بعد قیمتوں میں ردوبدل کا فیصلہ کرنا پڑا۔
انکا کہنا تھا کہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی فراہم کرتی ہے مگر اس کا فائدہ امیر اور غریب دونوں کو یکساں طور پر ملتا ہے، آئی ایم ایف کا بھی کہنا تھا کہ آپ امیروں کو کیوں سبسڈائیز کر رہے ہیں، یہ سبسڈی صرف چھوٹے زمینداروں کے لیے ہیں، بڑے زمینداروں کو خود برداشت کرنا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان متعدد اجلاس ہوئے جب کہ وزیراعظم کے ساتھ ہونے والے حالیہ اجلاس میں چاروں صوبوں نے اپنی تجاویز بھی پیش کیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ پاکستان نے قومی سلامتی اور خطے میں امن کے قیام کے لیے ذمہ دارانہ کردار ادا کیا ہے اور موجودہ کشیدہ صورتحال کے خاتمے کے لیے سنجیدہ کوششیں جاری ہیں۔











