کراچی، گرمی کی نئی لہر کا امکان، درجہ حرارت کیا رہے گا؟ محکمہ موسمیات نے بتا دیا
سندھ کے اندرونی اضلاع میں موسم زیادہ تر خشک اور گرم رہنے کی توقع ہے
شہر قائد میں ایک بار پھر موسم کا مزاج بدلنے جا رہا ہے محکمۂ موسمیات نے آئندہ تین روز کے دوران شدید گرمی اور حبس کی لہر کی پیش گوئی کر دی ہے جس کے باعث شہریوں کو معمول سے زیادہ گرمی محسوس ہونے کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق شہر میں درجہ حرارت بڑھ کر 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے جبکہ فضا میں نمی کے بڑھنے سے گرمی کی شدت مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔ آج اور کل کے دوران تیز ہوائیں چلنے کی بھی توقع ظاہر کی گئی ہے تاہم یہ ہوائیں زیادہ دیر تک موسم کو ٹھنڈا رکھنے میں مددگار ثابت نہیں ہوں گی۔
ادارے کے مطابق کراچی سمیت سندھ کے بیشتر علاقوں میں آئندہ دنوں موسم گرم اور مرطوب رہے گا حبس کی وجہ سے اصل درجہ حرارت سے کہیں زیادہ گرمی محسوس کی جا سکتی ہے۔
دوسری جانب سندھ کے اندرونی اضلاع میں موسم زیادہ تر خشک اور گرم رہنے کی توقع ہے تاہم کچھ مقامات پر فضا میں نمی کے باعث مقامی سطح پر بادل بننے اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ ان اضلاع میں دادو، لاڑکانہ، سکھر اور گھوٹکی شامل ہیں۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھوپ میں غیر ضروری طور پر نکلنے سے گریز کیا جائے پانی کا استعمال بڑھایا جائے اور خصوصاً بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کا زیادہ خیال رکھا جائے۔











