پاکستان کا تیار کردہ الیکٹرو آپٹیکل سیٹلائٹ ای او 3 لانچ
یہ سیٹلائٹ چین کے تائے یوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے لانچ کیا گیا۔
راولپنڈی: قومی خلائی ادارے نے پاکستان کا تیار کردہ الیکٹرو آپٹیکل سیٹلائٹ ای او 3 لانچ کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان نے خلائی میدان میں ایک اور اہم سنگِ میل عبور کرلیا، قومی خلائی ادارے (سپارکو) کی جانب سے ملک میں تیار کردہ الیکٹرو آپٹیکل سیٹلائٹ ای او 3 کامیابی کے ساتھ خلا میں بھیج دیا گیا۔
یہ سیٹلائٹ چین کے تائے یوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے لانچ کیا گیا جسے پاکستان کے خلائی پروگرام میں ایک بڑی پیشرفت قرار دیا جارہا ہے۔
Pakistan Launches Indigenous EO-3 Satellite , Marking Major Space Milestone pic.twitter.com/JBtYAfQhuj
— Ministry of Foreign Affairs – Pakistan (@ForeignOfficePk) April 25, 2026
ای او 3 سیٹلائٹ اربن پلاننگ اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے شعبوں میں اہم کردار ادا کرے گا جب کہ یہ فوڈ سیکیورٹی اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے جدید اور مؤثر ڈیٹا فراہم کرے گا۔
یہ سیٹلائٹ مربوط ارتھ آبزرویشن سسٹم کی بنیاد بنے گا جس سے ملک میں ترقیاتی منصوبہ بندی اور وسائل کے بہتر استعمال میں مدد ملے گی۔
اس کامیابی کو پاکستان کی ٹیکنالوجی میں خود انحصاری کی جانب اہم قدم قرار دیا جارہا ہے جو قومی ترقی اور پائیدار معاشی اہداف کے حصول میں معاون ثابت ہوگا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے اس موقع پر سائنسدانوں اور انجینئرز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے چین کے تعاون کو سراہا اور خلائی شعبے میں دونوں ممالک کے درمیان مضبوط شراکت داری کا اعتراف کیا۔









