سندھ پولیس کے 17 افسران ترقی پاکر نئے عہدوں پر فائز، وزیر داخلہ نے رینک لگادیے
یہ اعزاز نہ صرف ان کی پیشہ ورانہ قابلیت اور خدمات کا اعتراف ہے بلکہ ان پر مزید ذمہ داریاں بھی عائد کرتا ہے، ضیاء الحسن لنجار
کراچی: سندھ پولیس کے اعلیٰ افسران کے لیے سینٹرل پولیس آفس کراچی میں رینک پننگ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں 17 افسران کو اگلے عہدوں پر ترقی کے رینک لگائے گئے۔
سندھ پولیس کے اعلیٰ افسران کے لیے سینٹرل پولیس آفس کراچی میں رینک پننگ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں 06 ایس پیز کو ایس ایس پیز جب کہ 11 ڈی ایس پیز کو ایس پیز کے عہدوں پر ترقی کے رینک لگائے گئے۔
مجموعی طور پر 17 افسران کو اگلے عہدوں پر ترقی کے رینگ لگائے گئے۔ اس سادہ مگر پروقار تقریب میں وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
تقریب کا اہتمام انسپیکٹر جنرل سندھ پولیس جاوید عالم اوڈھو کی جانب سے کیا گیا، محمد علی شاہ آڈیٹوریم، سینٹرل پولیس آفس میں منعقدہ تقریب میں وزیر داخلہ سندھ اور آئی جی سندھ نے ترقی پانے والےافسران کو نئے رینک لگائے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے ترقی پانے والے افسران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز نہ صرف ان کی پیشہ ورانہ قابلیت اور خدمات کا اعتراف ہے بلکہ ان پر مزید ذمہ داریاں بھی عائد کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئے عہدوں کے ساتھ عوامی خدمت، قانون کی بالادستی اور امن و امان کے قیام کے لیے مزید محنت، دیانتداری اور قائدانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
وزیر داخلہ سندھ کہتے ہیں کہ سندھ حکومت پولیس فورس کی استعداد کار میں اضافے، جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تربیت اور افسران و اہلکاروں کی فلاح و بہبود کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ترقی پانے والےافسران اپنی نئی ذمہ داریوں کو احسن انداز میں نبھاتے ہوئے محکمہ پولیس کی نیک نامی میں اضافہ کریں گے۔
ترقی پانے والے افسران میں مہزور علی، امیر سعود مگسی، سمیر نور چنہ، زبیر نذیر شیخ، سہائی عزیز، محمد عمران خان، میر آفتاب احمد تالپور، محمد اسلم راجپوت، مسرور احمد جتوئی، حسنات وقار اوراسد اللہ ڈایو سمیت دیگر افسران شامل تھے۔
تقریب میں ایڈیشنل آئی جیز کراچی، اسپیشل برانچ، سی ٹی ڈی، ٹریننگ، آر اینڈ ڈی اور دیگر سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔
تقریب کے اختتام پر وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار اور آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے ترقی پانے والے افسران کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے فرائض منصبی دیانتداری، فرض شناسی اور عوام دوست رویے کے ساتھ انجام دیں گے۔










