ٹرمپ نے دنیا اپنے کندھوں پر اٹھا لی؛ تصویر وائرل
ڈونلڈ ٹرمپ کی نئی اے آئی تصویر سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئی
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر سوشل میڈیا پر ایک ایسی تصویر شیئر کی ہے جس نے صارفین کی توجہ حاصل کر لی۔
ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر بظاہر مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے تیار کردہ ایک تصویر پوسٹ کی جس میں انہیں امریکی پرچم اوڑھے ایک گھٹنے پر بیٹھے اور اپنے کندھوں پر کرۂ ارض اٹھائے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
یہ تصویر یونانی دیومالا کے معروف کردار اٹلس (Atlas) سے مشابہت رکھتی ہے جسے روایات میں آسمانی کرہ اپنے کندھوں پر اٹھانے کی سزا دی گئی تھی جبکہ جدید فن پاروں میں اسے عموماً زمین اٹھائے ہوئے دکھایا جاتا ہے۔
ٹرمپ نے اس تصویر کے ساتھ کوئی وضاحتی کیپشن تحریر نہیں کیا تاہم سوشل میڈیا صارفین اور مبصرین کی جانب سے اس تصویر کے مختلف انداز میں تجزیے کیے جا رہے ہیں۔
اسی روز ٹرمپ نے ایک اور پوسٹ میں اپنی تقریباً 20 سال کی عمر کی تصویر کا موازنہ سابق امریکی صدر باراک اوباما کی 18 سالہ عمر کی ایک تصویر سے کیا۔ اس پوسٹ میں ٹرمپ کی فوجی طرز کی یونیفارم میں لی گئی تصویر جبکہ اوباما کی کالج کے زمانے کی تصویر شامل تھی۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ ٹرمپ نے اے آئی سے تیار کردہ یا علامتی نوعیت کی تصاویر شیئر کی ہوں، اس سے قبل بھی انہوں نے ایک مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ تصویر پوسٹ کی تھی جس پر سوشل میڈیا پر ملا جلا ردعمل سامنے آیا تھا۔









