پنجاب میں ریکارڈ رفتار، اعلیٰ معیار اور تاریخی بچت کے ساتھ ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جا رہے ہیں، جس کے تحت صرف 75 دن میں 1129 سڑکیں مکمل کرکے قومی سطح پر ایک نیا ریکارڈ قائم کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت محکمہ مواصلات و تعمیرات کے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں روڈ سیکٹر پورٹ فولیو، فنڈز کے استعمال اور جاری منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ’’سوہنے پنڈ، سوہنیاں راہواں‘‘ پروگرام کے تحت صرف 75 روز میں 30 ارب روپے کی لاگت سے1129 سڑکیں اور 1795 کلو میٹر طویل روڈ نیٹ ورک مکمل کیا گیا، جبکہ وزیراعلیٰ کے دور میں مجموعی طور پر 32 ہزار سڑکیں مکمل کی جا چکی ہیں۔
بریفنگ کے مطابق رواں سال اپریل سے جولائی کے دوران پنجاب بھر میں 6ہزار کلو میٹر سڑکوں کا جال بچھایا گیا۔ لوکل روڈز پروگرام کے تحت 79 ارب روپے کی لاگت سے1567 اسکیمیں اور 3400 کلو میٹر طویل سڑکیں شامل ہیں، جن میں سے ریکارڈ 1129 اسکیمیں مکمل ہو چکی ہیں۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ترقیاتی فنڈز کے 99 فیصد استعمال کو یقینی بنایا گیا، جبکہ روڈ بحالی کے منصوبوں میں 11 ارب روپے کی تاریخی بچت بھی کی گئی۔ فیلڈ اسٹاف نے دن رات تین شفٹوں میں کام کرکے منصوبوں کو مقررہ مدت سے قبل مکمل کیا۔
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ 93.5 کلو میٹر طویل ملتان وہاڑی ڈوئل روڈ، 24 کلو میٹر فیصل آباد چنیوٹ ڈوئل روڈ اور 13 کلو میٹر طویل ٹورازم ہائی وے ڈوئل روڈ مکمل ہو چکی ہیں، جبکہ سیلاب سے متاثرہ تمام 124 سڑکوں کی بحالی بھی مکمل کر لی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ نے پنجاب رنگ روڈ اتھارٹی کے تحت 6 جدید سروس ایریاز قائم کرنے کی منظوری بھی دی، جن سے سالانہ 50 کروڑ روپے آمدن متوقع ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام سروس ایریاز رواں سال دسمبر تک فعال کیے جائیں اور رنگ روڈ کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ترقی دی جائے۔
اجلاس میں آئندہ مالی سال کے پروگرام کے تحت 42 نئی سڑکوں کی اسکیمیں شامل کرنے، نئی سڑکوں کی تعمیر کے لیے 51 ارب روپے اور لوکل روڈز سمیت مختلف منصوبوں کے لیے مزید فنڈز کی منظوری بھی دی گئی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہدایت کی کہ پنجاب بھر میں زیر تعمیر تمام سڑکوں کی تکمیل کے لیے حتمی ٹائم لائن پیش کی جائے، شاہراہوں پر لین مارکنگ کو یقینی بنایا جائے اور تمام انٹری و ایگزٹ پوائنٹس کی خوبصورتی کے منصوبے پر تیزی سے عمل درآمد کیا جائے۔
Source link








