چاندی کے بسکٹس کو سیسے سے تبدیل کرنے کا بڑا اسکینڈل سامنے آگیا
ملزمان کو کوئٹہ سے گرفتار کیا گیا جب کہ دونوں افسران پر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
چاندی کے بسکٹس کو سیسے سے تبدیل کرنے کا بڑا اسکینڈل سامنے آگیا ہے جس میں ملوث دو کسٹمز افسران کو گرفتار کرلیا ہے۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے مطابق پاکستان کسٹمز کے دو افسران چاندی کے بسکٹس کو سیسے سے بدلنے کے بڑے اسکینڈل میں ملوث پائے گئے ہیں۔
ایف بی آر کا کہنا ہے کہ دونوں افسران کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جب کہ گرفتار ہونے والوں میں عارف علی جمانی اور سمیع اللہ اچکزئی شامل ہیں۔
ایف بی آر نے بتایا کہ ملزمان کو کوئٹہ سے حراست میں لیا گیا۔ تحقیقات کے دوران یہ انکشاف ہوا کہ 668 کلو چاندی میں سے 400 کلو جعلی نکلی جسے سیسے سے بدل دیا گیا تھا۔
ایف بی آر کا کہنا تھا کہ ملزمان نے نہ صرف چاندی کو تبدیل کیا بلکہ اصل چاندی والی گاڑی ہی بدل ڈالی۔ یہ فراڈ کوئٹہ سے لاہور منتقلی کے دوران کیا گیا۔
ایف بی آر نے مزید بتایا کہ پاکستان منٹ لاہور میں چیکنگ کے دوران یہ فراڈ بے نقاب ہوا جب کہ سی سی ٹی وی فوٹیج نے اسکینڈل سے پردہ اٹھایا۔
ایف بی آر نے یہ بھی بتایا کہ کسٹمز انفورسمنٹ نے جعلی طریقے سے غیر قانونی اقدام پر مقدمہ درج کرلیا ہے جب کہ مزید ملزمان کی تلاش کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔










