کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کا شہر بھر میں بلک فلو میٹرنگ سسٹم کا آغاز
منصوبے کے تحت تقریباً 100 مانیٹرنگ چیمبرز شہر کے مختلف اہم مقامات پر قائم کیے گئے ہیں۔
کراچی: شہر قائد میں طویل عرصے سے مسائل کا شکار پانی کے نظام کو جدید بنانے کے لیے کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے ایک جدید بلک فلو میٹرنگ سسٹم کی تنصیب شروع کردی۔
سندھ حکومت کے تعاون اور عالمی بینک کی معاونت سے کراچی واٹر اینڈ سیوریج سروسز امپروومنٹ پروجیکٹ کے تحت یہ منصوبہ شروع کیا گیا ہے۔ اس کا مقصد پانی کی غیر مساوی تقسیم، غیر حساب شدہ پانی کے ضیاع اور غیر مؤثر بلنگ جیسے دیرینہ مسائل کا حل نکالنا ہے۔
منصوبے کے تحت تقریباً 100 مانیٹرنگ چیمبرز شہر کے مختلف اہم مقامات پر قائم کیے گئے ہیں تاکہ پانی کے بہاؤ کو منظم اور مانیٹر کیا جاسکے جب کہ جدید الٹراسونک فلو میٹرز جو پاکستان میں پہلی بار استعمال کیے جارہے ہیں اور آواز کی لہروں کی جدید ٹیکنالوجی پر مبنی ہیں، حاصل کرلیے گئے ہیں۔
یہ میٹرز اہم مقامات جیسے اجمیر پمپ ہاؤس، ناگن چورنگی، یونیورسٹی ریزروائرز، بنارس پمپ ہاؤس، کورنگی ماڈل پارک، حب ریزروائر، NEK ریزروائر، چنگی ناکہ اور گھارو پمپنگ اسٹیشن سمیت دیگر مقامات پر نصب کیے جائیں گے۔
پائلٹ مرحلے میں شہر کے 43 اہم مقامات پر بلک فلو میٹرز نصب کیے جارہے ہیں تاکہ مختلف علاقوں میں پانی کی فراہمی کی درست نگرانی کی جاسکے، یہ نظام ریئل ٹائم ڈیٹا فراہم کرے گا جس کے ذریعے حکام پانی کی کمی، ضیاع میں کمی اور رہائشی، تجارتی و صنعتی صارفین کے لیے منصفانہ تقسیم کو یقینی بنا سکیں گے۔
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے پانی کی فراہمی کو شہر کا سب سے اہم شہری مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ماضی میں مؤثر پیمائشی نظام کی عدم موجودگی نے تقسیم اور آمدن دونوں کو متاثر کیا۔
KWSC with the support of Sindh Govt under the KWSSIP initiative has started the process of installing bulk flow metering system in Karachi. This will help us ascertain the exact quantum of water being supplied in a particular area & also help KWSC improve its billing mechanism… pic.twitter.com/NUe9ylfNAT
— Murtaza Wahab Siddiqui (@murtazawahab1) April 20, 2026
انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ شفاف اور منصفانہ بلنگ کے نظام کی بنیاد رکھے گا، اس منصوبے کو مرحلہ وار وسعت دی جائے گی جس میں مستقبل میں تجارتی، صنعتی اور بعد ازاں گھریلو صارفین تک بھی میٹرنگ کا نظام بڑھایا جائے گا۔
مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ مکمل نفاذ کے بعد یہ نظام ہر گھر، کاروبار اور صنعت کو فراہم کیے جانے والے پانی کا مکمل ڈیجیٹل ریکارڈ فراہم کرے گا جس سے کراچی کے پانی کے نظام میں جوابدہی اور پائیداری کو فروغ ملے گا۔











