اسلام آباد:
اسلام آباد کے علاقے بھارہ کہو بائی پاس پر آٹے سے لدا ایک ٹرک بے قابو ہو کر الٹ گیا جس کے نتیجے میں سڑک کنارے موجود ایک ہی خاندان کے دو افراد جاں بحق جبکہ ایک بچی شدید زخمی ہو گئی۔
پولیس ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں ایک بچہ اور ایک خاتون شامل ہیں جبکہ زخمی بچی کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اسے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ٹرک کا اگلا ایکسل ٹوٹ گیا تھا جس کے باعث ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا۔ بے قابو ٹرک سڑک کنارے پیدل چلنے والے افراد پر چڑھ دوڑا اور بعد ازاں الٹ گیا۔
حادثے کے فوراً بعد ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا جس کی تلاش کے لیے پولیس نے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
پولیس نے ٹرک کو اپنی تحویل میں لے کر اس کا تکنیکی معائنہ بھی شروع کر دیا ہے تاکہ حادثے کی وجوہات کا مکمل تعین کیا جا سکے۔
واقعے کے بعد ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے ایس ایس پی آپریشنز کے ہمراہ جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور امدادی و انتظامی اقدامات کا جائزہ لیا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق کرین کی مدد سے حادثے کا شکار ٹرک کو سڑک سے ہٹایا جا رہا ہے تاکہ ٹریفک کی روانی بحال کی جا سکے۔
حادثے کے بعد ضلعی انتظامیہ نے مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے نئی حکمت عملی نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انتظامیہ نے فوری طور پر بھارہ کہو بائی پاس پر موٹر سائیکلوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بائی پاس پر موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے جبکہ پیدل چلنے والے شہریوں کے لیے آگاہی مہم بھی شروع کی جائے گی۔
حکام کے مطابق دو روز بعد بائی پاس پر پیدل چلنے والوں کے خلاف بھی سخت کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی تاکہ انسانی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔











