مہنگے پیٹرول سے پریشان شہریوں کیلئے ریلیف، موٹر سائیکل سبسڈی میں توسیع کا اعلان
مشکل معاشی حالات میں عوام کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیر اعلیٰ سندھ
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کم آمدن طبقے کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے موٹر سائیکل مالکان کے لیے ٹارگٹڈ فیول سبسڈی میں توسیع کا اعلان کر دیا ہے۔
صوبائی حکومت کی جانب سے جاری کردہ اس اسکیم کی مدت آج ختم ہو رہی تھی تاہم وزیراعلیٰ نے عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے اسے مزید جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل رکھنے والے شہری جو روزمرہ سفری اخراجات میں اضافے سے متاثر ہو رہے ہیں اب سندھ حکومت کی اس سبسڈی سے مزید فائدہ اٹھا سکیں گے۔
یاد رہے کہ حکومت سندھ نے پیٹرول کی بڑھتی قیمتوں کے پیش نظر فی موٹر سائیکل 2 ہزار روپے سبسڈی فراہم کرنے کا اقدام کیا تھا جسے شہریوں کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مشکل معاشی حالات میں عوام کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں مزید اقدامات بھی زیر غور ہیں۔











