کراچی:
شہر قائد کے علاقے رنچھوڑ لائن میں حنفیہ مسجد کے قریب واقع ایک دکان میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں دکان میں موجود جنرل اسٹور اور بیکری کا سامان جل کر خاکستر ہو گیا۔
ایدھی حکام کے مطابق آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اداروں اور فائر بریگیڈ کو آگاہ کیا گیا جس پر فائر بریگیڈ کی دو گاڑیاں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور آگ بجھانے کا عمل شروع کر دیا۔
ترجمان فائر بریگیڈ نے بتایا کہ آگ پر قابو پا لیا گیا ہے اور کولنگ کا عمل مکمل کیا جا رہا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق آتش زدگی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم دکان میں رکھا گیا سامان مکمل طور پر جل گیا۔
فائر بریگیڈ کے مطابق آگ لگنے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکیں جبکہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔










