کوئٹہ؛ تیزاب گردی کا شکار ہونے والی خاتون ڈاکٹر کی حالت اب کیسی ہے؟
متاثرہ ڈاکٹر کا کراچی کے ایک نجی اسپتال میں علاج جاری ہے
کراچی: سول اسپتال کوئٹہ میں تیزاب گردی کا نشانہ بننے والی لیڈی ڈاکٹر ماہ نور کی طبیعت میں بہتری آنا شروع ہوگئی ہے اور ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔
ذرائع حکومت بلوچستان کے مطابق متاثرہ ڈاکٹر کا کراچی کے ایک نجی اسپتال میں علاج جاری ہے، جہاں ماہرین پر مشتمل طبی ٹیم نے ان کا تفصیلی معائنہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق لیڈی ڈاکٹر کے تمام اہم اعضا محفوظ ہیں اور ان کی مجموعی حالت مستحکم ہے۔ دونوں آنکھوں کے کارنیا پر معمولی اثرات مرتب ہوئے ہیں تاہم ان کی بینائی مکمل طور پر محفوظ ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ماہر امراض چشم کی نگرانی میں متاثرہ ڈاکٹر کا علاج جاری ہے جب کہ پلاسٹک سرجری اور دیگر شعبوں کے ماہرین بھی طبی عملے کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔
معاون برائے داخلہ حکومت بلوچستان بابر یوسفزئی کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے متاثرہ ڈاکٹر کو بہتر علاج کی فراہمی کے لیے کراچی منتقل کیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اور ریاستی ادارے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر وقت متحرک ہیں جب کہ وزیراعلیٰ بلوچستان اور وزیر داخلہ بلوچستان نے اس معاملے پر فوری اور مؤثر اقدامات کیے ہیں۔
بابر یوسفزئی کے مطابق حکومت نے متاثرہ خاتون کو علاج اور ہر ممکن معاونت کی یقین دہانی کرائی ہے، جبکہ صوبائی حکومت انصاف کی فراہمی کے لیے بھی تمام ضروری اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔








