میت کو گندے پانی سے گزارنے کی ویڈیو وائرل، شہریوں میں شدید غم و غصہ
بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے
دادو کی تحصیل میہڑ میں ایک دل دہلا دینے والا منظر سامنے آیا ہے جہاں مبینہ طور پر میونسپل کمیٹی کی غفلت کے باعث شہر کی سڑکیں گندے پانی کے تالاب میں تبدیل ہو گئیں۔
صورتحال اس وقت مزید افسوسناک ہو گئی جب ایک جنازے کو اسی گندے اور بدبودار پانی سے گزارنا پڑا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد شہریوں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔ لوگوں نے انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالات اٹھاتے ہوئے اسے کھلی نااہلی قرار دیا اور فوری صفائی و نکاسی آب کے انتظامات نہ ہونے پر سخت تنقید کی۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ بارشوں اور نکاسی آب کے ناقص نظام کے باعث پورا شہر مسائل کا شکار ہے جبکہ بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔
شہریوں نے متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے نکاسی آب کا نظام بہتر بنانے اور مستقل صفائی کے اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ آئندہ ایسے افسوسناک مناظر سے بچا جا سکے۔









