امریکا ایران مذاکرات آج؛ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سوئٹزرلینڈ پہنچ گئے
اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت امریکا ایران تکنیکی سطح کے مذاکرات آج سوئٹزرلینڈ میں ہوں گے
اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد سے متعلق امریکا ایران کے اعلیٰ سطحی کے مذاکرات آج سوئٹزرلینڈ میں ہوں گے جس میں شرکت کے لیے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سوئٹزرلینڈ پہنچ گئے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر برگن اسٹاک، سوئٹزرلینڈ میں ہونے والے مذاکرات میں شریک ہوں گے جبکہ ایران، قطر اور امریکا کے اعلیٰ سطح وفود بھی مذاکرات میں شرکت کریں گے۔
دفتر خارجہ نے بتایا ہے کہ برگن سٹاک مذاکرات مذاکرات 17 جون 2026 کو اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے بعد فریقین میں پہلا باضابطہ رابطہ ہیں، پاکستان، ایران اور امریکا کے درمیان مفاہمت کے نفاذ کی حمایت اور اسے آگے بڑھانے کا عمل جاری رکھے گا۔
مذاکرات کے موقع پر وزیراعظم کی ایران، قطر، سوئٹزرلینڈ اور امریکا کے وفود کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں جن کا مقصد خطے میں مکالمے اور پائیدار امن کے لیے پاکستان کے مستقل عزم کا اعادہ کرنا ہے۔
یاد رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان مفاہمتی یادداشت کے بعد اہم مذاکراتی نشست آج سوئٹزرلینڈ میں منعقد ہوگی جسے طلیک لوزن سمٹ“کا نام دیا گیا ہے۔
مذاکراتی بیٹھک کیلئے فریقین کے وفود کی برگن سٹاک آمد کا سلسلہ جاری ہے جبکہ تقریب کے مقام پر امریکا، ایران، پاکستان اور قطر کے قومی پرچم آویزاں کر دیے گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ مذاکراتی نشست خطے کی صورتحال، باہمی اعتماد سازی اور مستقبل کے سفارتی تعاون کے حوالے سے اہم پیش رفت کا باعث بن سکتی ہے۔











