ایرانی صدر نے امریکا سے معاہدے کو قومی وقار کی دستاویز قرار دے دیا
ایران نے کسی بھی قسم کے دباؤ میں آ کر شرائط قبول نہیں کیں، مسعود پزشکیان
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے امریکا کے ساتھ طے پانے والے ایم او یو کو ایک قومی وقار کی دستاویز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ معاہدہ ایران کی خودمختاری اور قومی مفادات کے تحفظ کے ساتھ کیا گیا ہے۔
صدر پزشکیان کے مطابق ایران نے کسی بھی قسم کے دباؤ میں آ کر شرائط قبول نہیں کیں اور نہ ہی غیرمشروط ہتھیار ڈالنے جیسے مطالبات کو تسلیم کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ بات واضح کر دی گئی ہے کہ ایران کے دفاعی معاملات اور میزائل پروگرام پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران کا میزائل پروگرام اس کے دفاعی ڈھانچے کا حصہ ہے اور اسے کسی بھی قسم کے مذاکرات کا حصہ نہیں بنایا گیا۔
ایرانی صدر کے مطابق معاہدے کی بنیاد برابری، خودمختاری اور قومی مفاد کے تحفظ پر رکھی گئی ہے، نہ کہ کسی بیرونی دباؤ پر۔








