یومِ آزادی پر ’’یادگارِ فتح‘‘ کا شاندار افتتاح، معرکۂ حق کے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش
تقریب میں صدرِ ، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سمیت بری اور بحری افواج کے سربراہان کی خصوصی شرکت۔
اسلام آباد: یومِ آزادی کے پروقار موقع پر ’’یادگارِ فتح‘‘ کی شاندار افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس میں معرکۂ حق کے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
اس تقریب میں صدرِ مملکت آصف زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سمیت بری اور بحری افواج کے سربراہان نے خصوصی شرکت کی۔
تقریب کے دوران ’’یادگارِ فتح‘‘ کو وطن کے ناقابلِ تسخیر دفاع اور شہدائے پاکستان کی لازوال قربانیوں کی روشن علامت قرار دیا گیا جب کہ اس موقع پر معرکۂ حق کی طرح ہر دور میں وطنِ عزیز کے دشمنوں کو نیست و نابود کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔
تقریب میں اس بات کا اظہار کیا گیا کہ دفاعِ پاکستان کے لیے شہدائے وطن کے مقدس لہو اور عظیم سپوتوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ پاکستان ایک مضبوط، مستحکم اور باوقار ریاست ہے جس کی بنیادوں میں شہدائے وطن کا مقدس خون شامل ہے۔
افتتاحی تقریب کے موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے معرکۂ حق کے شہداء کے لواحقین سے خصوصی ملاقات کی اور اہلِ خانہ کے حوصلے، صبر اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
تقریب میں اس عزم کا بھی اظہار کیا گیا کہ ’’یادگارِ فتح‘‘ نہ صرف شہداء کی عظیم قربانیوں کی یاد تازہ رکھے گی بلکہ قومی یکجہتی اور دفاعِ وطن کے پختہ جذبے کی علامت بھی ثابت ہوگی۔
اس موقع پر کہا گیا کہ پاکستان دنیا کے افق پر ایک معتبر اور طاقتور ریاست بن کر ابھر رہا ہے اور اس کی آواز ہر ایوان میں مکمل وقار کے ساتھ سنی جارہی ہے، پاکستان ہمیشہ زندہ باد۔








